کراچی قائمقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے اپنے دورہ کراچی کے دوران مزار قائد پر حاضری دی، جہاں انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ قائمقام صدر نے مزارقائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے لکھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت، سیاسی بصیرت اور اصولی مؤقف نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن فراہم کیا، جو آج ایک مضبوط اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر نمایاں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول،اتحاد، ایمان اور تنظیم آج بھی ہماری قومی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ان اصولوں پر عمل درآمد پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے تاکہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے اس کردار کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی قیادت پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ قائمقام صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بانی پاکستان کے نظریات کی روشنی میں اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے جائز حق کو تسلیم کرے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، جو کشمیریوں کے لیے ایک مضبوط سہارا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ ایک دن کشمیری عوام اپنی آزادی کی منزل ضرور حاصل کریں گے اور خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔