فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا شہر کے مضافاتی علاقوں میں فوڈ پوائنٹس کا معائنہ، جوسز، کولڈ ڈرنکس، سنیکس/پاپڑ، جنرل سٹورز اور ہوٹلز میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش کی جامع پڑتال


پنجگراں
فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے مظفرآباد کے ملحقہ مضافاتی علاقوں دیولیاں، پنجگراں اور نوسیری نوسدہ بازار میں فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز، کریانہ و جنرل سٹورز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران آئل، گھی، مصالحہ جات اور مختلف اقسام کے مشروبات بشمول جوسز، کولڈ ڈرنکس اور شربت کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا گیا۔
انسپکشن ٹیم نے موقع پر موجود ڈسٹری بیوٹرز اور فوڈ بزنس آپریٹرز سے فوڈ اتھارٹی کے اجازت نامہ کی پڑتال کی۔ جن کے پاس فوڈ اتھارٹی کا اجازت نامہ موجود نہ تھا ان سے فروخت ہونے والی مختلف اقسام کی اشیائے خوردونوش کے نمونہ جات لیبارٹری تجزیہ کے لیے حاصل کیے گئے تاکہ ان کے معیار کا تعین کیا جا سکے۔
مزید برآں ہوٹلز کی کچن میں صفائی ستھرائی، برتنوں کی حالت اور خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے والے آئل اور دیگر خام مال کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بعض مقامات پر وارننگز جاری کیں اور بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات بھی دیں۔
فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ناقص یا غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1280 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *