کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر کی سیکورٹی ایک بار پھر سوالات کی زد میں، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کی سالانہ تقریب میں مسلح شخص باآسانی کیسے داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا؟ حملہ آور کے پاس بندوق، پستول اور چاقو بھی تھے، تقریب میں صدر سمیت کئی اعلیٰ حکام موجود تھے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس صحافیوں کی سالانہ تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی پر ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص ہوٹل کے اندر سکیورٹی حصار عبور کرکے اس منزل تک پہنچ گیا جہاں چند قدم کے فاصلے پر صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے کئی اہم ارکان موجود تھے۔ حملہ آور نے ایک خفیہ سروس اہلکار کو زخمی کرنے کے بعد مزید آگے بڑھنے کی کوشش کی تاہم اسے موقع پر ہی قابو کر لیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے فوری ردعمل میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی ہوٹل کی کمزور حفاظتی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ اس واقعے کے بعد امریکی خفیہ اداروں کی کارکردگی اور اعلیٰ شخصیات کے تحفظ کے نظام پر دوبارہ سنجیدہ بحث شروع ہوگئی ہے۔
امریکی صدر کی سیکورٹی ایک بار پھر سوالات کی زد میں