مظفرآباد(پی آئی ڈی)24اپریل2026
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ویژن اور چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی ہدایات کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے جاری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین ترقیاتی ادارہ مظفرآباد، سپرنٹنڈنٹ انجینئر تعمیرات عامہ شاہرات مظفرآباد، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ مالیات، مہتمم تعمیرات عامہ پبلک ہیلتھ، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی، ڈائریکٹر لینڈ یوز پلاننگ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرآباد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہر میں جاری بیوٹیفیکیشن مہم کے تحت اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ تمام جاری منصوبہ جات کو مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت تمام ادارے باہمی تعاون سے دارالحکومت کی خوبصورتی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت اہم شاہرات کی کارپٹنگ (اسفالٹ ورک)، سیوریج سسٹم کی بہتری، سولر لائٹس کی تنصیب، گرین بیلٹس کی بحالی، پلوں کی مرمت و خوبصورتی اور نمایاں عمارتوں کی تزئین و آرائش پر کام جاری ہے تاکہ شہر کو سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔
اس موقع پر کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر دارالحکومت مظفرآباد کو ایک ماڈل اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ منصوبہ جات بروقت مکمل ہو سکیں۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے انٹری پوائنٹس سے لے کر اندرون شہر تک صفائی، سڑکوں کی بہتری، لائٹنگ اور گرینری کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق جاری تمام ترقیاتی اور بیوٹیفیکیشن منصوبہ جات آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ دارالحکومت کی خوبصورتی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھا جائے گا تاکہ مظفرآباد کو ایک جدید، صاف ستھرا اور پرکشش شہر بنایا جا سکے۔