اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کیلئے تیار ہیں، امریکی وزیر جنگ

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پینٹاگون میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ  ایران کیلئے پیغام ہے، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، امریکا اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔

امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں، اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، کسی بھی صورت ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، مذاکراتی ٹیم ایران کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، ڈیل نہ ہوئی تو ہماری فورسز جنگ کے لیے تیار ہیں۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے ٹرمپ کے اچھے تعلقات ہیں۔

پیٹ  ہیگستھ نے کہا کہ ایران کہتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کنٹرول کر رہا ہے، لیکن اس کی اپنی کوئی بحریہ نہیں، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کنٹرول نہیں، یہ بحری قزاقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی توانائی صنعت مکمل تباہ نہیں ہوئی، امریکی ناکہ بندی سے برآمدات بند ہو رہی ہیں، جب تک ضرورت ہوگی ہم آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھیں گے، آبنائے ہرمز میں ٹریفک پر امریکی بحریہ کا کنٹرول ہے، امریکا کے پاس طاقتور نیوی ہے، ایران کے پاس نہیں رہی، مجھے امید ہے کہ آپ ایسا معاہدہ کریں گے جو آپ کی پہنچ میں ہو۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین  نے کہا کہ  آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی تمام جہازوں کیلئے ہے جو ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہوتے یا نکلتے ہیں، ناکہ بندی کا نفاذ ایران کی علاقائی سمندری حدود اور بین الاقوامی پانیوں دونوں میں ہوتا ہے، ناکہ بندی تمام جہازوں کے لیے ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔

جنرل ڈین کین نے مزید کہا کہ امریکی فوج ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہے، ایران کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی جہاز کا تعاقب کریں گے، ان جہازوں میں وہ خفیہ ڈارک فلیٹ جہاز بھی شامل ہیں جو ایرانی تیل لے جا رہے ہیں، ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے یا جانے والے جہازوں کو روکا جائے گا، ضرورت پڑنے پر ان جہازوں کو قبضے میں بھی لیا جائے گا۔

امریکی جنرل نے کہا کہ اگر آپ اس ناکا بندی کی تعمیل نہیں کرتے ہیں تو ہم طاقت کا استعمال کریں گے، اب تک ناکہ بندی کے دوران 13 جہازوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، جہازوں نے امریکی ناکہ بندی پر واپسی کا دانشمندانہ فیصلہ کیا، ابھی تک امریکی فوج نے کسی بھی جہاز کے خلاف کارروائی نہیں کی ہے۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کی جنگ بندی میں رہنے کی خواہش زیادہ ہے، ایران عقلمندی سے کام لے اور ڈیل کو قبول کرلے، ایران کے نئے سپریم لیڈر کے زخمی ہونے کا شبہ ہے، لیکن وہ زندہ ہیں، ہم آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے مدد کو آنے والے دیگر ممالک کا خیر مقدم کریں گے۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *