آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سیاسی رواداری، برداشت اور وضع داری آزاد کشمیر کی سیاست کا روشن پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے فطری عمل ہے تاہم باہمی احترام اور شائستگی کے ساتھ آگے بڑھنا ہی سیاسی قیادت کی اصل پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے ہمیشہ قومی اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا ہے اور یہی روایت خطے میں جمہوری استحکام کو مضبوط بنانے کا سبب بن رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ باہمی مشاورت اور مثبت سیاسی روایات کے فروغ سے ہی خطے کے مسائل کے حل اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر اور خواجہ فاروق احمد کی ملاقات، سیاسی رواداری اور مشاورت پر زور