دبئی میں الشیخ برادران کی جانب سے ممبر کشمیر ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ کونسلر سرہوٹہ سمروڑ رستم چوہدری اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت سیٹھ طالب کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دبئی میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات کو مرکزی موضوع رکھا گیا اور انہیں زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ محفل کا آغاز عثمان چوہدری نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا، جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محبوب ایڈووکیٹ نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف کشمیر بلکہ ایک بین الاقوامی سطح کے لیڈر تھے۔
رستم چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں عالمی لانگ مارچ اور بھارتی ایمبیسی کے سامنے احتجاج کا سہرا بھی بیرسٹر سلطان کے سر جاتا ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
پی وائی او یو اے ای کے صدر فاروق بانیاں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چالیس سال تک سیاست پر راج کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے دلوں پر بھی حکمرانی کی۔ انہیں گن کیرج کے اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جانا ان کی خدمات کا اعتراف ہے جو ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
تقریب کے میزبان سینئر صحافی جمشید شاکر، نثار شیخ اور راشد شیخ نے مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پی وائی او امارات کے صدر فاروق بانیاں، چوہدری رمضان، اشفاق چوہدری، مہتاب مشتاق، راشد چوہدری، عثمان شہریار شیخ، تابش امتیاز، چوہدری فریاد، عمیر یعقوب، اشتیاق چوہدری، عثمان، حنیف شہرازی، ارشد نمبردار اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔