اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) مسلح افواج کے سربراہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اتوار (10؍مئی) کو وفاقی دارالحکومت میں معرکہ حق کی اولین سالگرہ پرایک پرشکوہ تقریب میں قومی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے حد درجہ اہم اعلان کرینگے اس موقع پر پاک فضائیہ کے وہ طیارے فلائی پاسٹ کا حصہ ہونگے جنہوں نے ایک سال قبل دنیا کےجدید ترین بھارتی طیاروں کو جن میں فرانس ساختہ گراں ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے آن واحد میں زمین بوس کرکے اس تاریخ ساز معرکے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسلام آباد میں منعقد ہورہی اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سروسز چیفس، وفاقی وزراء اور صوبائی وزرائے اعلی بھی شریک ہونگے۔ شہباز شریف اپنے خطاب کے ذریعے قومی بیان جاری کرینگے۔ لائق اعتماد سرکاری ذرائع نے جنگ /دی نیوز کوبدھ کی شام یہاں بتایا ہے کہ اس تقریب میں جس کے مقام انعقاد کو سیکورٹی وجوہ سے ظاہر نہیں کیا جارہا، جنگی ترانوں، ملی نغموں اور گیتوں کے ذریعے زبردست منظر گاہ بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر 10 مئی کو قومی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے اہم اعلان کرینگے