تاخیر کا شکار بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے باعث یونیورسٹی روڈ کی خستہ حالت سے پریشان حال شہریوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی تنقید کے پیشِ نظر اب سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس روڈ کو 90 دن میں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی والوں سے معذرت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کو بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے بجائے اب ایک علیحدہ صوبائی منصوبے کے طور پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے یہ فیصلہ بار بار عوامی شکایات اور روزانہ کی بنیاد پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح کیا جانا چاہیے کہ سندھ حکومت نے صرف اور صرف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے آزادانہ طور پر یونیورسٹی روڈ کی تعمیرِ نو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لیے اس کو بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا حصہ نہ سمجھا جائے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبہ صفورا چورنگی سے نمائش تک یونیورسٹی روڈ کو دوبارہ تعمیر کرنے کا ہے، جو کہ باقاعدہ ٹریفک کے لیے استعمال ہوتی ہے، تاکہ بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیر کے دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سڑک قابلِ استعمال رہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے میں سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نکاسیٔ آب کے مناسب نظام کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور مزید نقصان کو بھی روکا جا سکے۔