بشریٰ انصاری کا فردوس جمال کو کرارا جواب

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ساتھی اداکار فردوس جمال کے متنازع بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی دوسرے فنکاروں کی تضحیک کا حق حاصل نہیں۔

بشریٰ انصاری جو چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر رکھتی ہیں، انہوں نے ایک وی لاگ میں فردوس جمال کے حالیہ بیانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ میں فردوس جمال کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن کسی کو بھی دوسرے فنکاروں کو برا بھلا کہنے کا حق نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں شاذ و نادر ہی کوئی اداکار کمزور ہوتا ہے، اس لیے ایسے بیانات دینے کی ضرورت نہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ فردوس جمال کو اپنی سوچ اور ذہنی کیفیت کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ منفی رویہ ناصرف دوسروں بلکہ ان کے اپنے بچوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ فردوس جمال نے ایک پوڈکاسٹ میں مرحوم اداکاروں طلعت حسین، شفیع محمد، راحت کاظمی اور خیام سرحدی کے حوالے سے منفی تبصرے کیے تھے، جبکہ عابد علی مرحوم کی اداکاری پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ان میں سے کوئی اداکاری نہیں جانتا تھا۔

ان بیانات پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، خاص طور پر اس لیے کہ جن فنکاروں پر تنقید کی گئی وہ اس دنیا میں موجود نہیں۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *