سارہ عمیر کا اپنی طلاق سے متعلق بیان پر یوٹرن

پاکستانی ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ سارہ عمیر نے اپنی طلاق سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مرد خواتین کی زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ ہوتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے میزبان و اداکار احمد علی بٹ کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی، تاہم اس گفتگو کے دوران انہوں نے متعدد بار اپنے شوہر و ہدایت کار محسن طلعت کا نام لیا اور ان کے لیے سابق شوہر کی اصطلاح استعمال کرنے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ سارہ عمیر 2014ء تک شوبز انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت رہیں، تاہم معروف پاکستانی ہدایتکار محسن طلعت سے شادی کے بعد وہ میڈیا انڈسٹری سے غائب ہو گئیں، اس جوڑے کے 2 بیٹے ہیں۔

حالیہ انٹرویو کے دوران اپنے شوہر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ عمیر کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے شوہر کے کیریئر سے متعلق مشوروں کو نظر انداز کرنے پر افسوس ہے کیونکہ ان پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے مجھے اپنے کیریئر میں نقصان اٹھانا پڑا، اب میں اپنے ہر کردار پر ان سے مشورہ ضرور کرتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں میرا کوئی دوست نہیں سوائے محسن کے، میرا حقیقی دوست میرا شوہر اور میرے بچوں کا باپ ہی ہے۔

ایک اور موقع پر سارہ عمیر نے کہا کہ مجھے اپنے رشتوں کے کھو جانے کا خوف رہتا ہے، چاہے وہ والدین ہوں، بچے ہوں یا شوہر، مجھے اپنے پیاروں کو کھونے سے ڈر لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرد عورت کی زندگی میں اثاثے کی مانند ہوتے ہیں، وہ عورتوں کے نگہبان اور کفیل ہوتے ہیں اور رتبے میں عورتوں سے بلند ہوتے ہیں۔

ان کے مطابق مردوں کا خواتین پر ایک خاص حد تک اختیار ہونا چاہیے اور بادشاہ کا کردار مردوں کو ہی زیب دیتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک پروگرام میں سارہ عمیر نے اپنی طلاق کے بارے میں تفصیل سے بات کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ریئلٹی شو تماشہ میں شرکت اس لیے کی تاکہ وہ اپنی طلاق کے صدمے سے نکل سکیں۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *