پاکستان میں رمضان المبارک 1447ھ کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ کل (جمعرات) ہوگا۔
رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔
ماہ رمضان کے چاند کی رویت کا اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کیا۔
اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہماری مسلح افواج بہادری سے دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق میں بھارت کے خلاف عظیم کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اتحاد اور وحدت کا مظاہرہ کرنا ہے، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوتا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بلوچستان کے 12 اضلاع میں دہشت گردی ہوئی، باجوڑ میں لوگ شہید ہوئے، اسلام آباد میں ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد علماء کرام نے خودکش حملوں، انتہاء پسندی کو حرام قرار دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چاند نظر آگیا ہے، کل یکم رمضان المبارک ہوگی۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جبکہ سعودی عرب سمیت عرب اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کے اعلان کے بعد مکہ مکرمہ میں رمضان کی پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران لاکھوں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔