بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا وقت ختم ہو گیا۔ ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی۔ حکومت بنانے کے لیے 300 میں سے 151 نشستوں پر اکثریت حاصل کرنا لازم ہے۔
ملک بھر کے 299 حلقوں میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہونے والے پولنگ کا عمل سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک جاری رہا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر احمد کا کہنا ہے کہ دن 2 بجے تک پولنگ مراکز پر 47.91 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔
پہلی بار پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال
ان کا کہنا ہے کہ دوران پولنگ کسی مرکز میں ووٹنگ معطل نہیں ہوئی تھی۔ انتخابات میں ڈیڑھ ہزار ملین سے زائد ووٹرز پہلی بار پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کیا۔
منتخب مقامی گروپوں کے لیے پہلے ٹیک سپورٹڈ پوسٹل ووٹنگ سسٹم کے تحت 11لاکھ 28 ہزار 382 پوسٹل بیلٹ آئے، پوسٹل بیلٹس میں سے 4 لاکھ 88 ہزار 281 بیرون ملک مقیم بنگلادیشیوں نے بھیجے۔ 6 لاکھ 37 ہزار 101 پوسٹل بیلٹس دیگر مقامی گروپوں نے پوسٹ کیے۔
گوپال گنج میں پولنگ اسٹیشن پر دستی بم دھماکے میں 3 افراد زخمی
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا کے ضلع گوپال گنج میں پولنگ اسٹیشن پر ہونے والے دستی بم دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔
سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے شفیق الرحمان وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔ انتخابات میں تاریخی ٹرن آؤٹ کا امکان ہے۔
بنگلادیشی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج اور پولیس سمیت ملک بھر میں 3 لاکھ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور یہ انتخابات منصفانہ ہوں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے نوجوان ووٹرز (جین زی) کو جولائی کے انقلاب کا ہیرو قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور ووٹ ڈالنے کا اپنا مقدس فریضہ سرانجام دیں۔
طارق رحمان کا انتخابات میں حمایت پر ممتاز علمائے کرام کا شکریہ
بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان کا کہنا ہے کہ امن عامہ میری پہلی ترجیح ہے تاکہ عوام خود کو محفوظ سمجھ سکیں۔ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ہم ان پر توجہ دیں گے، جیت کی اُمید ہے۔
طارق رحمان نے انتخابات میں حمایت پر ملک کے ممتاز علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بنگلادیش کے لیے یہ انتخابات ایک اہم موڑ ہیں: شفیق الرحمان
جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیق الرحمان نے کہا کہ بنگلادیش کے لیے یہ انتخابات ایک اہم موڑ ہیں، لوگوں کے مطالبات اور خواہشات بدل رہی ہیں، ہم بھی تبدیلی کے حق دار ہیں۔
آج سے ہر سطح پر ہمیں نیا بنگلادیش بنانے کا موقع ملے گا: محمد یونس
بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے دارالحکومت ڈھاکا کے گلشن ماڈل اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈال دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے ہر سطح پر ہمیں نیا بنگلادیش بنانے کا موقع ملے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر کوئی ریفرنڈم میں بھی ووٹ کاسٹ کرنا یقینی بنائے، پارلیمانی نشستوں کے ساتھ ساتھ ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ بھی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیں، آج کے دن کو ایک سالگرہ کے طور پر منائیں، ایک طویل جشن، آج کا دن آزادی اور نئےخواب کا آغاز ہے۔ آج ایک نئے بنگلادیش کی سالگرہ ہے، ہم اس سالگرہ کو دن بھر منائیں گے۔
واضح رہے عوامی لیگ کی رہنما شیخ حسینہ واجد کا اگست 2024 میں تختہ الٹ دیا گیا تھا۔ اس تبدیلی کے اہم کردار جین زی پر مشتمل نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) بھی جماعت اسلامی کے اتحاد میں شامل ہے۔
پابندی کے سبب عوامی لیگ کے امیدوار الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔