وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے حج ویزا کے حصول کے لیے سعودی بائیو میٹرک مکمل کروانے کی آج (8 فروری) آخری تاریخ مقرر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق تمام عازمینِ حج کے لیے مقررہ تاریخ تک بائیو میٹرک کروانا لازمی ہے، بصورتِ دیگر حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج گھر بیٹھے سعودی ویزا بائیو ایپ کے ذریعے بھی بائیو میٹرک مکمل کر سکتے ہیں۔ مزید سہولت کے لیے سعودی تاشیر سینٹرز آج صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر بائیو میٹرک کا عمل مکمل کریں اور تصدیقی ای میل کا پرنٹ اپنے پاس محفوظ رکھیں، کیونکہ یہ ویزا پراسیس کے لیے ضروری ہوگا۔