اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر، جناب آصف علی زرداری، 26 تا 29 جنوری 2026 متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ صدرِ مملکت کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔دورے کے دوران صدرِ پاکستان متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں بالخصوص تجارت اور اقتصادی شراکت داری، دفاع اور سلامتی، اور عوامی روابط کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے لیے مشترکہ اہمیت رکھتے ہیں۔صدرِ پاکستان کا یہ دورہ، حال ہی میں صدرِ متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے دورے کے تسلسل میں ہو رہا ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط دوستی کو ایک مؤثر اور باہمی طور پر مفید شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کی تجدید بھی کرتا ہے۔
صدرِ پاکستان کا متحدہ عرب امارات کا اہم سرکاری دورہ، دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر توجہ