دبئی میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، پاکستان کی خودمختاری اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

دبئی میں قائم پاکستان کے قونصل خانے میں آج معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستانی قیادت کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے خودمختاری، امن اور قومی اتحاد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر معرکۂ حق سے متعلق ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں اس تاریخی دن کی اہمیت اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل، حسین محمد نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک ذمہ دارانہ اور متوازن حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع قوم کے اتحاد، استقامت اور عزم کی یاد دہانی ہے۔

قونصل جنرل نے پاکستان کے امن کے عزم کو دہراتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملک اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *