وزیرِاعظم شہباز شریف سے خلاء باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی ہے، دورانِ ملاقات سپارکو کے خلاء باز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ دونوں نوجوان خلاء بازوں اور خلاء باز اتاشی سے مل کر دلی مسرت ہوئی، آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کے لیے جانا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، مجھ سمیت پوری قوم کے لیے یہ قابلِ فخر امر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں پر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آپ کی شبانہ روز محنت کی بدولت آپ نے یہ مقام حاصل کیا جو کہ قابلِ ستائش ہے، چینی توسط سےآپ کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔
ملاقات کے دوران خلاء بازوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خلاء میں تحقیق کے فرائض سر انجام دینا باعثِ عزت اور منفرد اعزاز ہے۔
خلاء بازوں نے کہا کہ محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اس ملاقات میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان اور پاکستان میں موجود چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ بھی شریک تھے۔
وزیرِاعظم نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیق میں دونوں ممالک کی دوستی ستاروں پر کمند ڈالنےکے لیے تیار ہے۔
چینی سفیر نے وزیرِ اعظم شہبازشریف کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔