امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس کا طیارہ کچھ گھنٹے میں پاکستان پہنچ جائے گا، مذاکرات میں پیشرفت ہوئی تو ایرانی قیادت سے ملاقات کیلئے تیار ہوں۔
امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی مذاکراتی ٹیم جس میں نائب صدر جے ڈی وینس امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف شامل ہیں اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکی ہے اور چند گھنٹوں میں وہاں پہنچ جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا بنیادی نکتہ واضح ہے اور یہ ’ناقابلِ سمجھوتہ‘ شرط ہے، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے سے مکمل طور پر دستبردار ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات ہورہے ہیں کوئی کھیل نہیں ہورہا، اگر مذاکرات میں بریک تھرو ہوا تو ایرانی قیادت سے ملاقات بھی کروں گا، ایرانی قیادت مجھ سے ملاقات کرنا چاہتی ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، ہم ایران میں صحیح ڈیل کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل نے مجھے ایران کے خلاف جنگ میں شامل نہیں کیا، 7 اکتوبر کے نتائج نے میرے مؤقف کو مزید مضبوط کیا۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کی قیادت سمجھ دار ہوئی تو ایران ایک اچھا اور شان دار مستقبل حاصل کر سکتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی بحری جہاز پر امریکی حملے اور قبضے کے بعد ایران نے مذاکرات امریکی ناکا بندی کے خاتمے سے مشروط کردیے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ فیصلے سے ثالث پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے، امریکا سفارتی عمل آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں ، امریکا نے بحری ناکا بندی اور ایرانی جہاز پر حملہ کرکے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال کے باعث آبنائے ہرمز کو یک طرفہ طور پر معمول پر لانا ممکن نہیں، امریکی تجاویز غیر سنجیدہ اور مطالبات غیر حقیقی ہیں، ایران سے جوہری مواد کی بیرونِ ملک منتقلی کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں رہی۔
اس سے پہلے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ دشمن پر عدم اعتماد اور باہمی روابط میں محتاط رہنا ناقابلِ تردید ضرورت ہے، جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، کشیدگی میں کمی کے لیے ہر معقول اور سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی ناظم الامور اور ایرانی سفیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں، محسن نقوی نے مذاکرات کے دوسرے دور کے انتظامات سے آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات میں کہا کہ مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں محسن نقوی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
نیٹلی بیکر اور رضا امیری مقدم نے کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ
اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پاک فوج، رینجرز، اسلام آباد اور پنجاب پولیس تعینات کردی گئی، اسلام آباد میں ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔
دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند کردیا گیا، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہے، راولپنڈی میں فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر چُنگی بھی بند کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے سرکاری دفاتر کے ملازمین کا آج ورک فرام ہوم ہے، سرکاری اور نجی یونی ورسٹیز میں کلاسیں آن لائن کردی گئیں۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 اپریل کو اعلان کیا گیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی طے پا گئی ہے، جو امریکی وقت کے مطابق منگل کی شام ختم ہونے جا رہی ہے۔ یہ وقت ایران میں بدھ کی صبح کے برابر بنتا ہے۔