آئندہ مذاکرات میں مفاہمتی یادداشت پر سائن، 60 روز میں جامع معاہدہ ہوگا، ذرائع

اسلام آباد /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوز ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے تین صفحات پر مشتمل مفاہمت کی یادداشت (ایم اویو)پر ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ثالثی میں شامل پاکستانی ذرائع نے بتایاہے کہ پس پردہ سفارت کاری میں پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں فریقین کے درمیان آئندہ ملاقات کے نتیجے میں معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریق پہلے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے جس کے بعد 60 دنوں کے اندر ایک جامع معاہدہ ہو گا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ذریعے نے بتایاکہ تفصیلی معاہدہ بعد میں آئے گا۔ دونوں فریق اصولی طور پر متفق ہیں۔ تکنیکی جزئیات بعد میں طے کی جائیں گی۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلیدی پاکستانی ثالث، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بدھ سے تہران میں مذاکرات کر رہے ہیں اور انہوں نے پیچیدہ مسائل پر اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ایک سینئرایرانی عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے کھولنے کے معاہدے کے تحت اربوں ڈالر کے ایرانی اثاثوں کو بحال کرنے پر اتفاق ہوا ہے، تاہم اس کی کوئی ٹائم لائن نہیں دی گئی ۔اہم رکاوٹ تہران کے جوہری عزائم پر ہے‘ امریکا نے تمام جوہری سرگرمیوں کی 20 سالہ معطلی کی تجویز دی ہے جبکہ تہران 3 سے 5 سال کا وقفہ چاہتا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر سمجھوتے کے آثار ہیں، جس کے تحت تہران اس کا کچھ حصہ ملک سے باہر بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ٹرمپ نے دوبارہ اپنے اس تبصرے کو دہرایا کہ امریکا تمام جوہری گردحاصل کر لے گا جس پر ایرانی میڈیا ʼمیزاننے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ افزودہ یورینیم کی امریکہ منتقلی پر کوئی مذاکرات یا اتفاق نہیں ہوا۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *