قوی امکان ہے ایران مذاکرات کے تسلسل میں بدھ کو پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا، ترجمان ایرانی وزارت خاجہ

ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کے تبادلے کی تصدیق کردی۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اب جو بھی مذاکرات ہوں گے مکمل جنگ بندی کےلیے ہوں گے۔

اپنے بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے بعد متعدد پیغامات بھیجے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوی امکان ہے ایران مذاکرات کے تسلسل میں بدھ کو پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کے دوران مکمل جنگ بندی، پابندیاں ہٹانے اور جنگ میں ہونے والے نقصانات کے ازالے پر گفتگو شامل تھی۔

واضح رہے کہ ایران، امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد میں تیاریوں کا آغاز ہو گیا۔

اسلام آباد میں ذرائع نے بتایا کہ خارجہ، داخلہ، اطلاعات و نشریات کے متعلقہ ماتحت اداروں کو ایک بار پھر پوری طرح الرٹ کر دیا گیا۔

ادھر پاکستان کے سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران سے مذاکرات کےلیے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

حامد میر کے مطابق پاکستان مذاکرات کیلئے آنے کےلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ شرط رکھی ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی پاکستان آئیں۔

Share This

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *