دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 275 رنز کا ہدف دے دیا۔
شیر بنگلا اسٹیڈیم میں دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم 48ویں اوور کی تیسری گیند پر 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کے بیٹر معاذ صداقت نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سلمان آغا 64 اور محمد رضوان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ رشاد حسین نے 3 اور مہدی حسن میراز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر بنگلادیشی کپتان مہدی حسن نے کہا کہ وہ گزشتہ میچ کی کامیابی کے فارمولے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
مہدی حسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، وہی کھلاڑی میدان میں اتارے گئے ہیں جنہوں نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ بلے بازوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہے اور وہ اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
شاہین آفریدی نے بتایا کہ آج ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کے پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔