پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کا پہلا پلیئرز آکشن جاری ہے۔
فہیم اشرف کو ساڑھے 8 کروڑ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے خرید لیا جبکہ کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں پک کر لیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ میں خرید لیا اور لاہور قلندر نے حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ میں خرید لیا۔
نسیم شاہ کو راولپنڈی نے 8 کروڑ 65 لاکھ میں خرید لیا ہے جبکہ فاسٹ بولر محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ میں حیدرآباد نے خرید لیا اور اعظم خان کو کراچی کنگز نے 3 کروڑ 25 لاکھ میں خرید لیا۔
صاحبزادہ فرحان کو سیالکوٹ اسٹالیئنز نے 5 کروڑ 70 لاکھ، بنگلادیش کے لیگ اسپنر رشاد حسین کو راولپنڈی نے 3 کروڑ، بائیں ہاتھ کے اسپنر مہران ممتاز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 1 کروڑ 20 لاکھ میں خرید لیا۔
لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک کروڑ 25 لاکھ، آل راؤنڈر عامر جمال کو پشاور زلمی نے 1 کروڑ 90 لاکھ، بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 1 کروڑ 10 لاکھ میں خرید لیا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل کو راولپنڈی نے 8 کروڑ میں 5 لاکھ، خرم شہزاد کو پشاور زلمی نے 2 کروڑ 70 لاکھ، محمد عامر کو راولپنڈی نے 5 کروڑ 40 لاکھ میں خرید لیا۔
عبید شاہ کو لاہور قلندر نے 2 کروڑ 70 لاکھ، سری لنکا کے کوشل پریرا کو حیدر آباد نے 3 کروڑ 10 لاکھ، محمد حارث کو پشاور زلمی نے 2 کروڑ 20 لاکھ میں خرید لیا۔
لیگ اسپنر اسامہ میر کو لاہور قلندر نے 3 کروڑ 50 لاکھ، فاسٹ بولر جہانداد خان کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2 کروڑ 50 لاکھ، سلمان علی آغا کو 5 کروڑ 85 لاکھ میں کراچی کنگز اور فخر زمان کو لاہور قلندرز نے 7 کروڑ 95 لاکھ میں خرید لیا۔
آکشن میں پک نہ ہونے والے کھلاڑی
پلیئرز آکشن کے دوران عماد وسیم، محمد جنید، سعود شکیل، احسان اللّٰہ، فاسٹ بولر محمد حسنین، رومان رئیس اور حسین طلعت کو کسی نے پک نہیں کیا۔
بنگلادیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کی پیس پرائس 2.2 کروڑ تھی تاہم انہیں کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
مختلف ٹیمیں کھلاڑیوں کی بولیاں لگا کر پی ایس ایل 11 سے قبل اپنا اسکواڈ مکمل کریں گی، ٹیمیں آکشن کے ذریعے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 21 کھلاڑیوں کا اسکواڈ بنا سکیں گی۔
16 رکنی اسکواڈ میں 5 غیر ملکی ہونا لازمی ہے جبکہ 21 رکنی اسکواڈ میں 7 غیر ملکی پلیئرز ہو سکتے ہیں اور اسکواڈ میں کم از کم 2 انڈر 23 پلیئرز کی شمولیت لازمی ہے۔
پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن میں 880 کھلاڑی رجسڑڈ ہیں جبکہ ٹیموں کو اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ حاصل ہو گا اور ری ٹین اور ڈائریکٹ سائننگ کے معاوضے بجٹ میں شامل ہوں گے۔
پلیئرز آکشن کے لیے مہمانوں کی لاہور میں ایکسپو سینٹر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے، ہمیں خوشی ہو گی اگر پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ہمارے کھلاڑی ہمیں ملیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی پی کے پلیئرز نہیں ملے تو بھی کوئی مسئلہ نہیں، لاہور قلندر سارا سال کام کرتی ہے، ہماری 10 سال کی محنت ہے، شاہین ہمارے دل میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد مارچ میں ہو گا، ایونٹ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اس میں شریک ٹیموں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔