ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یک جہتی کیلئے کھیلنے سے انکار کررکھا ہے۔
پاکستان کے گروپ میں نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں انگلینڈ میں ٹرافی اپنے نام کی تھی جبکہ 2007 میں جنوبی افریقا کے پہلے ورلڈ کپ میں رنر اپ رہا اور بھارت نے ٹائٹل جیتا۔
بابر اعظم کی قیادت میں 2022 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو فائنل میں انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان آغا اب تک 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی کپتانی کرچکے ہیں جس میں سے 27 میچز پاکستان نے جیتے ہیں۔ ایشیا کپ 2025 کے بعد پاکستان نے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 10 میں فتوحات حاصل کی ہیں۔
پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔