خیبرپختونخوا حکومت نے پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران ’’804‘‘ نمبر پلیٹ اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے منسوب نمبر پلیٹس کی نیلامی روک دی ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق اس کا مقصد بولی کی زیادہ سے زیادہ قیمت حاصل کرنا ہے۔
نشتر ہال پشاور میں منعقدہ نیلامی میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِ جہان کی سربراہی میں خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کی گئی، جہاں سیاسی، قبائلی اور علاقائی شناخت پر مبنی چوائس نمبر پلیٹس کی بولی میں دلچسپی خاص طور پر نمایاں رہی۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام نے بتایا کہ ’’804‘‘ نمبر پلیٹ اگر مقامی طور پر نیلام کی جاتی تو اس کی قیمت کم رہتی، اس لیے اسے آن لائن نیلامی کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بولی لگانے والے زیادہ سے زیادہ قیمت ادا کریں۔ اسی طرح، نواز شریف ون اور زرداری ون نمبر پلیٹس کی نیلامی بھی آن لائن کی جائے گی تاکہ قیمت زیادہ سے زیادہ حاصل ہو۔
صوبائی حکومت نے سیاسی سربراہان کے علاوہ قومی کرکٹرز کے نام کی نمبر پلیٹس کی بولی بھی اس وقت کے لیے مؤخر کر دی ہے۔
چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں اب تک سب سے مہنگی نمبر پلیٹ ’’وزیر 1‘‘ ایک کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی، جبکہ دوسرے نمبر پر ’’آفریدی 1‘‘ ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں رہی، جسے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے حاصل کیا۔ اسی طرح، ’’خان 1‘‘ کی قیمت ایک کروڑ 11 لاکھ روپے رکھی گئی، جو پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے خریدی۔
خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق یہ منفرد نیلامی سرکاری خزانے کے لیے خطیر ریونیو حاصل کرنے کے مقصد سے کی گئی ہے، اور آن لائن نیلامی کے ذریعے مختلف نمبر پلیٹس کی قیمت میں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری آمدنی میں اضافہ متوقع ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس کی دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔